Friday, May 17, 2024

علامہ ضمیر اختر نقوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

علامہ ضمیر اختر نقوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
September 13, 2020
کراچی (92 نیوز) معروف مذہبی اسکالر علامہ ضمیر اختر نقوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ معروف مذہبی اسکالر علامہ ضمیر اختر نقوی کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان کے قریبی رفقاء نے بتایا کہ مرحوم کی میت انچولی امام بارگاہ منتقل کی جائے گی۔ علامہ ضمیر اختر نقوی 24 مارچ 1944ء کو بھارت کے شہر لکھنو میں پیدا ہوئے، مرحوم ایک پاکستانی عالم، مذہبی رہنماء، خطیب اور اردو شاعر کے طور پر جانے جاتے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بزدار کا کہنا تھا کہ علامہ ضمیر اختر نقوی مرحوم ایک بلند پایہ عالم اور ذاکر تھے۔ مرحوم کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ کہا کہ علامہ ضمیر نقوی کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، ملک ایک ممتاز عالمِ دین سے محروم ہوگیا۔ وہ اتحادِ بین المسالک و مذاہب کے وکیل تھے۔