Thursday, March 28, 2024

علامہ اقبال نے انیس سو تیس میں ہی چین کی ترقی کی پشین گوئی کر دی تھی: چینی صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

علامہ اقبال نے انیس سو تیس میں ہی چین کی ترقی کی پشین گوئی کر دی تھی: چینی صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
April 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) چین کے صدر شی چن پنگ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر کے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ صدر شی چن نے پاکستان کو عظیم دوست قرار دیا۔ کہتے ہیں علامہ اقبال نے انیس سو تیس میں ہی چین کی ترقی کی بات کر دی تھی۔ انہوں نے تعلقات کو آسمان کی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا اور معاشی ترقی کے اہداف اور دوطرفہ تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر شی چن پنگ نے خطاب کے دوران بہترین مہمان نوازی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یوں معلوم ہوا جیسے بھائی کے گھر آئے ہیں۔ علامہ اقبال نے انیس سو تیس میں ہی بتا دیا تھا کہ چین طاقتور بنے گا اور ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت کا کوئی ثانی نہیں۔ یہ پاکستان ہی ہے جس نے مسلم دنیا میں سب سے پہلے چین کو تسلیم کر کے سفارتی تعلقات قائم کئے۔ جب بھی چین کو کوئی مشکل پیش آئی دوست ملک نے سب سے پہلے مدد کا ہاتھ بڑھایا جبکہ چین نے بھی پاکستان کو کسی مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا۔ شی چن پنگ نے یمن میں خانہ جنگی پر چینی انجینئرز کو بحفاظت واپس لانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ چینی صدر نے واضح کیا کہ پاکستان کو کبھی بھی کسی مشکل میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ چینی صدر نے اپنے خطاب کے دوران دو ہزار اساتذہ کو پاکستان بھجوانے کا اعلان کیا جبکہ ثقافتی تعاون بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں انجینئرپاکستان میں کام کر رہے ہیں۔ ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادری راہداری منصوبہ اپنی طرز کا انوکھا منصوبہ ہے جس سے صرف چین اور پاکستان کو ہی نہیں جنوبی ایشیا کے تمام ممالک کو فائدہ ہو گا۔ یہ منصوبہ جنوبی ایشیا اور خلیجی ممالک کو بھی ایک دوسرے کے قریب لے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے سب ممالک ایک دوسرے کا احترام کریں۔ مذاکرات ہی ہر مسئلے کا حل ہے۔ انہوں نے خطے کے سب ممالک کو مذاکرات کاراستہ اپنانے کی تلقین کی اور واضح کیا کہ چین کے کسی ملک کے خلاف کوئی خطرناک عزائم نہیں رکھتا۔ خطے میں امن کے لئے پاکستان کا کردار اہم ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو قربانیاں پاکستان نے دیں وہ قابل ستائش ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کا مغربی بارڈر محفوظ بنانے میں پاکستان کا بھی اہم کردار ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ چینی صدر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ خطے کے باقی ممالک بھی آگے بڑھیں اور تعاون کو فروغ دیتے ہوئے امن کا ایجنڈا پھیلائیں، چین سب سے تعاون کرے گا۔