Friday, May 10, 2024

علامہ اقبالؒ ایک عہد ساز شخصیت

علامہ اقبالؒ ایک عہد ساز شخصیت
November 9, 2020

لاہور (92 نیوز)بلا شبہ علامہ اقبالؒ   ایک عہد ساز شخصیت ہیں ، اقبال جس دور میں اقبالؔ بنے وہ مشرقی اقوام کے لیے سیاسی بدحالی اور سماجی اضطراب کا دور تھا ۔ انہوں نے مسلمانوں کو ان کی عظمتِ رفتہ سے متعارف کروایا ہے۔ان کے شاعرانہ کلام کو بلا شبہ قرآن حکیم کی تفسیر کہا جاسکتا ہے۔

نگاہِ عشق و مستی میں وہی اوّل وہی آخر

وہی قرآں وہی فرقاں وہی یٰسین وہی طہٰ

شاعر مشرق مفکرپاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نہ صرف عالم اسلام کے ہیرو ہیں بلکہ وہ پوری انسانیت کے راہنما اور انسانی ضمیر کے شاعر ہیں،آپ کی پوری شاعر ی ،آپ کی تحریریں اور آپ کے خطبات انسانی وجدان کے ترجمان ہیں۔

اقبال  کی شاعری، نثر نگاری، سیاسی بصیرت، ریاست کا فلسفہ، نوجوانوں میں بیداری کا تصور، اسلام کے بہترین شارح ان کی ایسی منفرد خصوصیات ہیں کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔

خیرہ نہ کرسکا مجھے جلوہ دانشِ فرنگ

سرمہ ہے میری آنکھ کا خاکِ مدینہ و نجف

عشقِ رسول ﷺ کا اظہار کلام اقبال کا مرکزی موضوع ہے۔ آپ ﷺ خاتم النّبیین ہیں اور دینِ حق کی تکمیل آپﷺ کی نبوت پر ہوئی۔

اقبال کی شاعری میں پنہاں فکر و آگہی انہیں شاعر فردا ثابت کرتی ہے۔ اپنے وقت میں وہ مظلوم اقوام کی سب سے مضبوط آواز بن کر ابھرے۔

اقبال جذبہ عشق کو قوم کے نوجوانوں میں بیدار کرنا چاہتے تھے۔ انھوں نے اللہ کے حضور بڑی دل سوزی اور درد مندی کے ساتھ یہ دعائیں کی تھیں۔

جوانوں کو مری آہ سحر دے

پھر ان شاہین بچوں کو بال و پر دے

خدایا آرزو میری یہی ہے

مرا نور بصیرت عام کر دے

سرزمین پاک وہند کے آسمان ادب کا جگمگاتا ستارہ اپنی شاعری کی روشنی سے ساری قوم و ملک کو بصیرت عطا کرکے 21 اپریل 1938 میں خود بے نور ہوگیا ۔

مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے ایک سو تینتالیسویں یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ وزیراعلیٰ، گورنر پنجاب، کور کمانڈر لاہور، ڈی جی رینجرز، نیوی اسٹیشن کمانڈر کموڈور اور دیگر نے حاضری دی ۔ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال اور قائد کی سوچ کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزار اقبال پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پرحاضری دی،پھولوں کی چادرچڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔

گورنر پنجاب  نے عظیم مفکر کو خراج عقیدت پیش کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثراب قلمبند کیے ، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاتمام سیاسی جماعتوں کو مثبت کردار ادا کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی،میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قانون کی پاسداری سے ہی اقبال کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔

پاک رینجرز کے بعد میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے،نیوی اسٹیشن کمانڈر کموڈور محمد نعمت اللہ نے مزار پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور سربلندی کے لئے دعائیں کی گئیں۔