Monday, May 6, 2024

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں
May 7, 2015
لاہور (92نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کنٹرول اور تمام خدمات غیرملکی کمپنیوں کو دینے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس کے لیے انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے کراچی ایئر پورٹ کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم سیاسی تنازع بننے کے خدشے کے باعث پہلے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ کی آمدنی ساڑھے بارہ ارب روپے سے زائد جبکہ خرچہ صرف دو ارب روپے ہے۔ گورنمنٹ آف پاکستان کیبنٹ سیکرٹریٹ ایوی ایشن ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری پرویز اقبال نے ڈی جی سول ایوی ایشن ایئر مارشل ریٹائرڈ محمد یوسف کو خط لکھا جس میں لاہور ایئر پورٹ کی سروسز کو آوٹ سورس کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ اجلاس کی اطلا ع دیتے ہوئے تمام شعبوں کی درکار معلومات کی فراہمی کے لیے بھی کہا گیا۔ بائیس اپریل دو ہزار پندرہ کو سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر ایس کیو ایم ایس نادر شفیع نے لاہور ایئرپورٹ کے منیجر سمیت تمام شعبہ جات کے ڈائریکٹرز کو خط لکھا جس کے ساتھ گیارہ صفحات پر مشتمل فہرست کے مطابق تفصیلات ایک دن میں جمع کرانے کا حکم دیا۔ دوروز قبل ڈی جی سول ایوی ایشن ایئرمارشل ریٹائرڈ محمدیوسف نے لاہور ایئر پورٹ کا دورہ کیا اور ایئر پورٹ سٹاف افسران کے ساتھ میٹنگ کی جس کے دوران عملے نے لاہور ایئر پورٹ کو نجی کمپنی کو دینے کے حوالے سے خدشات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے انہیں اعتماد میں لیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی ملازمت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے ڈی جی سول ایوی ایشن نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو آوٹ سورس کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ بات چیت ہورہی ہے تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔