Saturday, April 27, 2024

علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک میں، نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ‏رجوع کرلیا

علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک میں، نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ‏رجوع کرلیا
May 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) نواز شریف نے  اسلام آباد ہائیکورٹ سے بیرون ملک  علاج کیلئے رجوع کر لیا ۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک میں ، درخواست کیساتھ غیر ملکی ڈاکٹرز کی رائے اور میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بھی لف کر دیں ۔ نواز شریف نے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ  میں طبی بنیادوں پر ضمانت کے لئے درخواست دائر کر دی ، جس کیساتھ 12 طبی ماہرین ، 5 مختلف میڈیکل بورڈز، شوگر، بلڈ پریشر کی رپورٹس بھی لف کر دیں ۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ انکے موکل دل کی شریانوں کے عارضے میں مبتلا ہیں، ان کا علاج ممکن ہے تو صرف بیرون ملک  میں ۔ درخواست میں بتایا گیا کہ چھ ہفتے کی ضمانت کے دوران ٹیسٹ بھی جان لیوا مرض کو ظاہر کررہے ہیں ، شریانوں کے عارضے کے سبب ہارٹ اٹیک کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔ درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان اور بیرون ملک کے تمام ڈاکٹرز متفق ہیں کہ جیل میں نواز شریف کا علاج ممکن نہیں ، نوازشریف چاہتے ہیں ان کا علاج بیرون ملک انہی ڈاکٹرز سے کرایا جائے جن سے وہ مطمئن ہیں۔ نوازشریف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سیاسی مخالفین پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ بیرون ملک علاج این آر او لینے کی کوشش ہے ،  سزا معطلی کی درخواست کو این آر او کہنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اگر سزا معطل کی گئی تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔