Thursday, April 25, 2024

عظیم گلوکارہ اقبال بانو کو جہان فانی سےکوچ کئے 9 برس بیت گئے

عظیم گلوکارہ اقبال بانو کو جہان فانی سےکوچ کئے 9 برس بیت گئے
April 21, 2018
لاہور (92 نیوز) کانوں میں رس گھولتی آواز ، گائیکی میں پختگی اور موسیقی کے اسرار و رموز سے ایسی واقفیت کہ جب گاتی تھیں تو جیسے وقت ٹھہر جاتا تھا، اپنے عہد کی عظیم گلوکارہ اقبال بانو کو جہان فانی سے کوچ کئے نو برس بیت گئے لیکن ان کی گائیکی ہمیشہ زندہ رہے گی ۔ 1935 میں دہلی کے ایک گھرانے میں پیدا ہونے والی اقبال بانو، کون جانتا تھا کہ پاکستان میں کلاسیکل موسیقی اورغزل گائیکی میں اپنے عہد کا سب سے بڑا نام ہوں گی۔ جنرل ضیاء الحق کے دور میں جب فیض احمد فیض کی شاعری پر خاموش پابندی تھی تو لاہور کے الحمرا ہال میں اقبال بانو نے لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے گایا تو پورا ہال کئی گھنٹے ان کے ساتھ یہ غزل گنگناتا رہا۔ اقبال بانو نے موسیقی دہلی کے استاد چاند خان سے سیکھی تھی۔ سترہ سال کی عمر میں پاکستان منتقل ہوئیں اور ریڈیو پاکستان میں گائیکی کا آغاز کیا۔ دشت تنہائی، رنجش ہی سہی، سمیت کئی عمدہ غزلیں گائیں۔ پاکستانی فلموں کیلئے انکا پہلا گانا، پائیل میں گیت ہیں چھم چھم کے، مقبول ترین گیت ثابت ہوا۔ اقبال بانو کو 1974 میں پرائیڈ اف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ معروف گلوکارہ 21 اپریل 2009 کو جہاں فانی سے کوچ کر گئیں مگر کانوں میں رس گھولتی انکی آواز زندہ جاوید رہے گی۔