Saturday, May 18, 2024

عظیم قوال عزیز میاں کی آج 17 ویں برسی منائی جا رہی ہے

عظیم قوال عزیز میاں کی آج 17 ویں برسی منائی جا رہی ہے
December 6, 2017

ملتان (92 نیوز) بر صغیر کےعظیم قوال عزیزالحسن المعروف عزیز میاں کی آج 17 ویں برسی منائی جا رہی ہے۔
یا نبی، یا نبی،، تیری صورت نگاہوں میں پھرتی رہے،، اور اللہ ہی جانے کون بشر ہے،، سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے عزیز میاں کو اردو، عربی، فارسی اور پنجابی زبان پر مکمل عبور حاصل تھا۔ وہ فلاسفی، اردو اور اسلامیات میں ماسٹرز تھے۔ انہوں نے فن قوالی میں نئی روح پھونکی۔
عزیز میاں کے فرزند عمران عزیز میاں بھی باپ کے منفرد انداز کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
اپنے باپ کی برسی پر وہ نائنٹی ٹو نیوز کے مہمان بنے اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزیز میاں نے قوالی میں فلاسفی اور منطق کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دلی خواہش تھی کہ وہ روضہ رسولﷺ پر قوالی کریں۔
عمران عزیز میاں نے کہا کہ ان کے والد گرامی کو مکہ مکرمہ میں بھی قوالی کرنے کا شرف حاصل ہوا۔
اس موقع پر انہوں نے خوبصورت انداز میں اپنے باپ کا گایا ہوا کلام بھی گنگنایا۔
عزیز میاں قوال نے دس سال کی عمر میں حضرت داتا گنج بخش رحمۃاللہ علیہ کے دربار پر قوالی گا کر فنی سفر کا آغاز کیا۔ 17 اپریل 1942 کو دہلی میں پیدا ہونے والے صدارتی ایوراڈ یافتہ عزیز میاں کی قوالیوں کا صوفیانہ رنگ ان کے مرشد صوفی ناظر کے فیض کی بدولت کہا جاتا ہے۔
عزیز میاں اٹھاون سال کی عمر میں 6 دسمبر 2000 کو تہران میں خالق حقیقی سے جا ملے۔ انہیں ان کی وصیت پر ملتان میں صوفی بزرگ ناظرحسین کے پہلو میں دفن کیا گیا۔