Friday, April 26, 2024

عطاء الحق قاسمی تقرری کیس ، اسحاق ڈار کو تین روز میں عدالت پیش ہونے کا حکم

عطاء الحق قاسمی تقرری کیس ، اسحاق ڈار کو تین روز میں عدالت پیش ہونے کا حکم
July 9, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی تقرری کیس میں سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کو تین روز میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں دو رکنی  بنچ نے ایم ڈی پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی تقرری کیس کی سماعت کی ۔عطاالحق قاسمی کے وکیل اور اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ  اسحاق ڈار مفرور ہیں۔ انکی عدم حاضری پر توہین عدالت کی کارروائی بھی شروع کر سکتے ہیں۔وزارت داخلہ آگاہ کرے کہ ان کا پاسپورٹ کیسے منسوخ ہو سکتاہے؟۔ چیف جسٹس نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ وزارت خارجہ کے ساتھ بیٹھ جائیں اور انکی وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔ چیف جسٹس  نے ریمارکس میں مزید کہا کہ اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے ،وہ اعلیٰ ترین عدلیہ کی حکم عدولی کر رہے ہیں، یہ تکبر سپریم کورٹ کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ عدالت کا طلب کرنا کوئی مذاق کی بات نہیں، ہربار ان  کا میڈیکل سرٹیفکیٹ آجاتا ہے ،ضرورت پڑی توریڈوارنٹ جاری کرنے پرغور کریں گے ۔ سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے بعض دستاویزات فراہم کرنی ہیں ۔ دستاویزات ملنے پر اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری ہونگے جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ بڑے لوگوں کے کیس میں کوئی بھی ہاتھ نہیں ڈالتا ۔ اس کے بعد کیس کی سماعت تین روز کے لئے ملتوی کر دی گئی۔