Sunday, September 8, 2024

عشق پر زور نہیں ... حسینہ کی زلفیں بدنام زمانہ ڈان کے پاﺅں کی بیڑیاں بن گئیں

عشق پر زور نہیں ... حسینہ کی زلفیں بدنام زمانہ ڈان کے پاﺅں کی بیڑیاں بن گئیں
January 14, 2016

لاہور (ویب ڈیسک) عشق پر زور نہیں‘ ہے یہ وہ آتش غالب کہ لگائے نہ لگے اور بجھائے نہ بنے غالب کا یہ شعر آج بھی اپنی صداقت کا لوہا منوا رہا ہے جس کی تازہ ترین مثال میکسیکو کا ڈان جوکوئین الچاپو ہے جو ہالی وڈ کی میکسیکن حسینہ کیٹ ڈیل کسٹیلو کے عشق میں ایسا پھنسا کہ دوبارہ جیل جا پہنچا۔ عشق نے غالب نکما کر دیا ورنہ ہم بھی آدمی تھے کام کے غالب نے یہ شعر خود کے لئے کہا یا کسی کا انجام دیکھ کر کہا یہ تو معلوم نہیں لیکن میکسیکو کے بدنام زمانہ ڈان جوکوئین الچاپو پر یہ شعر صادق آتا ہے جوکوئین الچاپو پچھلے سال جولائی میں ہائی سکیورٹی جیل سے ڈیڑھ کلومیٹر طویل سرنگ کھود کر فرار ہوا لیکن دس جنوری کو دوبارہ گرفتار ہو گیا۔

ہالی وڈ کی حسینہ کیٹ ڈیل کسٹیلو سے معاشقہ میکسیکو کے ڈان کا سبب بن گیا۔ منشیات فروش گروہ کا ڈان الچاپو اپنی زندگی پر فلم بنوانے کا خواہشمند تھا۔ اس کے لئے الچاپو نے ٹی وی شو میں ڈرگ باس کا کردار کرنے والے کیٹ ڈیل کسٹیلو اور ہالی وڈ ڈائریکٹر اور اداکار سین پین سے رابطہ کیا۔ کیٹ ڈیل کسٹیلو سے ڈان الچاپو نے جنگل میں ملاقات بھی کی۔

اس ملاقات کے بعد الچاپو کو فلم سے زیادہ دلچسپی کیٹ میں دکھائی دی اور رومانوی پیغامات کا تبادلہ شروع ہوا۔ ملاقات کے بعد اداکارہ نے منشیات ڈان کو میسج کیا جب سے تم سے ملی ہوں‘ نیند اڑ گئی‘ ہر وقت تمہارے اور تمہاری کہانی کے بارے میں سوچتی ہوں۔ ڈان نے جوابی میسج کیا میں اپنی کہانی سے زیادہ تمہارے بارے میں پرجوش ہوں۔

ڈان اور اداکارہ کی ملاقات اور محبت بھرے پیغامات کے چند ہی دن بعد سکیورٹی حکام نے جنگل میں الچاپو کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور ڈرامائی مقابلے کے بعد ڈان پکڑا گیا۔ سکیورٹی حکام نے تصدیق کی کہ انہیں ڈان کے ٹھکانے کا علم اداکارہ اور ڈان کے رابطوں کی نگرانی سے ہوا۔