Tuesday, May 7, 2024

کراچی ، تفریحی پارک میں جھولا کیوں اور کیسے گرا،تحقیقات شروع

کراچی ، تفریحی پارک میں جھولا کیوں اور کیسے گرا،تحقیقات شروع
July 16, 2018
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے تفریحی پارک میں جھولا کیوں اور کیسے گرا، تحقیقات کا آغاز ہوگیا ۔ دوسری جانب  حادثے میں جاں بحق ہونے والی کشف کی تدفین بھی کردی گئی ،  ادھر پابندی کے باوجود پارک کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے، خلاف  ضابطہ شادی ہال بھی چلایا جارہا ہے۔ تفریحی پارک میں جھولا گرنے سے متعلق تحقیقات کا آغاز ہوگیا ، پولیس اور ٹیکنیکل ماہرین نے جھولے کا جائزہ بھی لیا ،  کمشنر کراچی صالح فاروقی کہتے ہیں جھولے کی حالت اور ایس او پی کی تحقیقات کی جائے گی۔ حادثے میں جاں بحق 12 سالہ کشف کی تدفین کردی گئی،کشف چار بہن بھائیوں میں بڑی تھی  جس کی چند روز بعد سالگرہ تھی، حادثے میں 15 افراد زخمی بھی ہیں، لواحقین کہتے ہیں بولٹ ٹوٹنے سے حادثہ پیش آیا ۔ْ ادھر تفریحی پارک میں معاہدے کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق 19 مئی 2005 کو کےایم سی سے ہونے والے معاہدے کے مطابق پارک کے تجارتی استعمال اور انٹری فیس پر پابندی ہے جبکہ زمین پر خلاف ضابطہ شادی ہال بھی چلایا جارہا ہے۔ دوسری جانب پارک میں صنعتکار زبیر طفیل کے شیئرز نکل آئے، زبیر طفیل کہتے ہیں جھولا چین سے منگوایا گیا تھا اور ایک ہفتہ قبل کھولا گیا تھا، چینی کمپنی کے انجینئرزسے ایک ایک پرزہ چیک کروائیں گے، زبیر طفیل کہتے ہیں ایک ساتھ بیس بولٹ ٹوٹنے کا امکان بہت کم ہے۔