Thursday, April 18, 2024

عسکری اعزاز نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کا ایک سو سات واں یوم پیدائش

عسکری اعزاز نشان حیدر حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کا ایک سو سات واں یوم پیدائش
July 22, 2021

لاہور (92 نیوز) پاکستان کا سب سے بڑاعسکری اعزاز ’’نشان حیدر‘‘ حاصل کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کا 107 واں یوم پیدائش آج نہایت ہی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

میجر طفیل محمد شہید 22 جولائی 1914 میں مشرقی پنجاب کے شہر ہوشیار پور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1943 میں پنجاب ریجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور 1947ء میں جب وہ میجر کے عہدے تک پہنچے تو اپنے پورے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور یہاں فوج میں خدمات انجام دینے لگے۔ میجر طفیل محمد کو کمپنی کمانڈر بنا کر مشرقی پاکستان رائفلز میں تعینات کیا گیا۔

7 اگست 1958 کو لکشمی پور میں بھارتی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے بحیثیت کمانڈر میجر طفیل نے اپنے ونگ کے ساتھ دشمن کی چوکی کے عقب میں پہنچ کر فقط 15 گز کے فاصلے سے حملہ آور ہوئے۔ دشمن نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے مشین گن سے فائرنگ شروع کر دی، تاہم وہ زخمی ہونے کے باوجود آگے بڑھتے رہے۔ بھارتی چوکیوں کا صفایا کیا اور گھمسان جنگ کے بعد ملک کی حفاظت کرتے ہوئے جان دے کر شہادت کا درجہ حاصل کیا۔

میجر طفیل محمد کو فاتح لکشمی پور بھی کہا جاتا ہے۔ میجر طفیل محمد شہید کی لازوال قربانی کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا۔