Thursday, March 28, 2024

عزیز میمن کے قابل ہی تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہوگا، فواد چودھری

عزیز میمن کے قابل ہی تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہوگا، فواد چودھری
March 5, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز)وفاقی وزیر فواد چودھری صحافی عزیز میمن  کے اہل خانہ کوانصاف دلانے میدان میں آ گئے ، سندھ حکومت کو اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہہ دیا، سوال اٹھایا کہ جب مبینہ قاتل خود تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہوسکتا ہے؟ کیس کی تحقیقات وفاقی ایجنسی کے سپرد کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ سندھ میں صحافی عزیز میمن   کے قتل  کے معاملےپر وفاقی وزیر فواد چودھری سائیں سرکار پر برس پڑے  ، سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر کا سہارا لیا اور سوال اٹھایا کہ جب مبینہ قاتل خود تفتیش کے نگران ہوں تو انصاف کیسے ہو سکتا ہے ، سندھ حکومت اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرے، مقتول ان کو مجرم ٹھہرا کر گیا ہے ،اتنی آسانی سے یہ لہو مٹے گا نہیں۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے لکھا کہ پہلے دن ہی وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور میں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی تھی کہ عزیز میمن کے قتل کی تفتیش وفاقی ایجنسی کو کرنی چاہیے،  قتل کے پس منظر میں جو حقائق چھپے ہیں ان کی روشنی میں سندھ پولیس تفتیش کر ہی نہیں سکتی۔ انھوں نے کہا کہ آج سندھ پولیس کا قتل کو طبعی موت قرار دینا قابل مذمت ہے، مقتول خود قاتل بتا کر گیا ہے، ایسے کیسے خاموش ہو جائیں، سندھ کے کرتا دھرتا اتنی آسانی سے اس قتل سے نہیں بچ سکتے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ان کی 3 دن قبل عزیز میمن کے بھائی سے بات ہوئی تھی، وہ اپنے بھائی کے قتل کی تفتیش سے مکمل طور پر غیر مطمئن تھے۔ یاد رہے کہ  گزشتہ ماہ ضلع نوشہروفیروز کے شہر محراب پور میں سندھی چینل کے رپورٹر عزیز میمن کی لاش نہر سے برآمد ہوئی تھی۔