Thursday, March 28, 2024

عزیربلوچ کا اہم شخصیات سمیت 198 افراد کے قتل کا اعتراف

عزیربلوچ کا اہم شخصیات سمیت 198 افراد کے قتل کا اعتراف
April 27, 2016
کراچی (92نیوز) رینجرز نے لیاری گینگ ڈان عزیر بلوچ سے تفتیش مکمل کرلی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ملزم کو غیرقانونی اسلحہ کیس میں چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے لیاری گینگ کے سرغنہ عزیر بلوچ کو 90 روز پورے ہونے سے پہلے ہی پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس اور رینجرز کی سکیورٹی میں عزیر بلوچ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ منگل کو ملزم کی نشان دہی پراولڈ سٹی ایریا کے علاقے نبی بخش میں کچرا کنڈی سے بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ عزیر بلوچ نے بھی عدالت کے روبرو اسلحہ برآمدگی کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خوف سے اسلحہ کچرا کنڈی میں چھپایا گیا تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق نبی بخش تھانے میں عزیر بلوچ کے خلاف رینجرز کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت غیرقانونی اسلحہ اورگولہ بارود رکھنے کا نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی استدعا پرعدالت نے عزیربلوچ کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گینگ وارکے ڈان نے مشترکہ تفتیش کے دوران بھتہ نہ دینے پر شیرشاہ کباڑی بازار کے 12 تاجروں اور پولیس افسروں سمیت 198 افراد کی ٹارگٹ کلنگ ، لسانی ، سیاسی بنیادوں پرقتل وغارت اورملک دشمن سرگرمیوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ذرائع کا کہناہے کہ ملزم کی جے آئی ٹی حتمی مراحل میں ہے۔ ملزم کے کچھ ساتھی گرفتارجبکہ مزید اہم گرفتاریا ں بھی متوقع ہیں۔