Monday, September 16, 2024

عزیر بلوچ کو آج بھی بھائی مانتا ہوں‘ پیپلز امن کمیٹی میں نے نہیں بنائی : ذوالفقار مرزا

عزیر بلوچ کو آج بھی بھائی مانتا ہوں‘ پیپلز امن کمیٹی میں نے نہیں بنائی : ذوالفقار مرزا
January 30, 2016
کراچی (92نیوز) ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے عزیر بلوچ زندہ سلامت ہے‘ وہ بابا لاڈلا کی طرح کیفرکردار تک نہیں پہنچے گا۔ عزیر کو آج بھی بھائی مانتا ہوں۔ آصف زرداری کا ٹولہ ملک کو لوٹ کر باہرعیش کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے عزیر بلوچ کی گرفتاری پر رد عمل ظاہر کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ عزیر بلوچ زندہ سلامت ہے۔ بابا لاڈلہ کی طرح مارا نہیں گیا۔ کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں تاکہ حکومت چوربازاری جاری رکھ سکے۔ بہت سے لوگ جو آزادانہ گھوم رہے ہیں یا ملک سے فرار ہیں، عزیر بلوچ کی گرفتاری سے ان کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے کالعدم پیپلزامن کمیٹی بنانے میں کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کمیٹی بنائی نہیں بلکہ انہیں وارثت میں ملی تھی، عزیر بلوچ میرا بھائی ہے اور میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔ سابق وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری اور ان کے ٹولے نے ملک کو لوٹا اور ملکی دولت لوٹ کر بھاگ گئے۔