Monday, September 16, 2024

'عزیر بلوچ کا پیپلزپارٹی سے اب کوئی تعلق نہیں '

'عزیر بلوچ کا پیپلزپارٹی سے اب کوئی تعلق نہیں '
January 30, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ کے سینئر وزیر نثار کھوڑو کا عزیر بلوچ کی گرفتاری پر تبصرے سے گریز۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے یہ بتایا جائے وہ کتنے دنوں سے ان کے پاس تھا اور کتنے دنوں بعد نکالا گیا۔ دوسری جانب مولا بخش چانڈیو نے کہا لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ ضرور ہے لیکن عزیر بلوچ سے اب کوئی تعلق نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے دو اہم وزراءنے پیپلزپارٹی کی عزیر بلوچ سے وابستگی کی تردید کر دی۔ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے کہا عزیر بلوچ کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ساتھ ہی کہا بتایا جائے عزیر بلوچ کتنے دن سے تحویل میں تھا۔ سینئر وزیر نثار کھوڑو نے ایک گرلز کالج کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ وہاں بھی عزیر بلوچ کے متعلق سوا ہوا تو کہا اس ادارے میں عزیر بلوچ کا کیا کام بھلا؟ لیکن تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ نہیں جانتے عزیر بلوچ کون ہے اور پیپلز پارٹی سے کیا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملے پر پیپلز پارٹی کو ہدف تنقید بنانا افسوسناک ہے۔ ادھر مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ عزیربلوچ کا پیپلزپارٹی سے اب کوئی تعلق نہیں۔ 92نیوز سے ٹیلیفونک گفتگومیں مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عزیربلوچ کاماضی میں پیپلزپارٹی سے تعلق رہا ہے تاہم اب نہیں۔ عزیربلوچ لیاری کا رہنے والاہے اور لیاری پیپلزپارٹی کا گڑھ تھا‘ ہے اور رہے گا لیکن اس بنیاد پر پی پی کو نشانہ بنانا شرمناک اور تکلیف دہ عمل ہے۔