Saturday, April 27, 2024

عزیر بلوچ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے کہنے پر اہلکاروں کو قتل کیا ، مراد سعید

عزیر بلوچ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے کہنے پر اہلکاروں کو قتل کیا ، مراد سعید
July 9, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) عزیربلوچ کا 164 کا اعترافی بیان وفاقی وزیر مراد سعید ایوان میں لے آئے۔ بولے عزیربلوچ نے کہا پیپلزپارٹی کے کہنے پر اہلکاروں کو قتل کیا۔ بھتے کی رقم  فریال تالپور کو جاتی تھی۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں بھتہ خوری، قتل و غارت کی بات اٹھائی گئی۔ بھتہ خوری اور قتل  کس کے کہنے پر کیے گئے  وہ دوسری جے آئی ٹی میں ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا۔ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی ہنگامے کی وجہ بنی۔ مراد سعید نے روایتی انداز سے پی پی قیادت کو پوچھاڑ دیا۔ عزیربلوچ کا بیان ایوان میں پڑھ کر سنایا۔ مراد سعید کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ برپا کر دیا اور نعرے لگاتے ہوئے ایوان سے چلے گئے۔ نصیبہ چنا نے اپنا ہیڈ فون مراد سعید پر اچھال دیا۔ اس سے پہلے پیپلزپارٹی کی خواتین ارکان پی ٹی آئی رکن اسلم خان کے نازیبا الفاظ پر برہم ہوئیں۔ نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے سامنے پہنچ گئیں۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی ہدایت پر اسلم خان نے خواتین ارکان سے معذرت کی اور کہا کسی کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا نہ ہی کسی کا نام لیا۔ ادھر وفاقی وزیر اسد عمر کی تقریر کے دوران بھی پیپلزپارٹی کے آغا رفیع اللہ کی بار بار مداخلت کرتے رہے  جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا آپ نے ایوان کو یرغمال بنایا ہوا ہے، آپ کو باربار منع کر رہا ہوں، مداخلت نہ کریں۔ دوسری طرف ایم کیوایم نے  کے الیکٹرک کے خلاف  منگل کو پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کے الیکٹرک کے بارے کل نیپرا میں سماعت ہو رہی ہے۔ پیپلزپارٹی اپنے نمائندے کو ہدایت کرے کہ انہیں بچانے کے چکر میں نہ پڑیں کارروائی کریں۔ اسدعمر بولے کراچی پی ٹی آئی کا ہے مسائل حل کرینگے۔ راجہ پرویز اشرف کہتے ہیں  سب کچھ پچھلی حکومتوں پر ڈال دیں یہ کہاں کی منطق ہے۔ ایوان میں ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔