Monday, May 20, 2024

عرفان اللہ مروت کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر بختاور اورآصفہ کا سخت اظہار ناپسندیدگی

عرفان اللہ مروت کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر بختاور اورآصفہ کا سخت اظہار ناپسندیدگی
February 25, 2017
  کراچی(92نیوز)بلاول بھٹو زرداری کی بہنوں بختاور اور آصفہ نے  عرفان اللہ مروت کی اپنے والد سے ملاقات اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کردیا ۔ دونوں نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر بزرگ سیاستدان کو کھری کھری سنا دیں ۔ تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن سے باغی عرفان اللہ مروت بڑے شوق سے جیالوں کے ساتھ چلنے آئے تھے مفاہمت کے جادوگر سے ملاقات ہوئی اور قول و قرار ہوگئے ۔  مگر بی بی کی بیٹیوں کو عرفان اللہ مروت کی پارٹی سے قربت ایک آنکھ نہ بھائی ۔ بختاور بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کوئی  لگی لپٹی رکھے بغیر بزرگ سیاستدان کو کھری کھری سنادیں ۔ کہنے لگیں  ایسے بیمار ذہن لوگوں کو جیل میں سڑنا چاہیےانہیں پیپلزپارٹی کےقریب بھی نہیں آنا چاہیے ۔ ایسی جماعت جس کی قیادت ایک خاتون نے سنبھالی تھی اس میں ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ بڑی بہن نے تنقید کی تو چھوٹی سے بھی رہا نہ گیا  آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹر پر بیان داغ دیا ۔ اپنے پیغام میں کہا کہ عرفان اللہ مروت کو پیپلزپارٹی میں نہیں ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی کی بنیادی اخلاقی قدروں میں سے ایک خواتین کا احترام ہے ۔عرفان اللہ مروت کے گھناؤنے اورغیرقانونی اقدامات قابل مذمت ہیں ۔ بلاول کی بہنوں نے تو ناپسندیدگی کا اظہار کردیا مگر اصل فیصلہ ہوگا ان کا جنہیں مفاہمت کا بادشاہ کہا جاتا ہے ۔