Wednesday, May 8, 2024

عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی  میں شمولیت کھٹائی میں پڑگئی

عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی  میں شمولیت کھٹائی میں پڑگئی
February 26, 2017
کراچی (92 نیوز)مسلم لیگ ن کے باغی عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی  میں شمولیت کھٹائی میں پڑگئی ۔ بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کی شدید مخالفت نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری کو پسپائی پر مجبور کردیا جبکہ عرفان اللہ مروت  کا کہنا ہے کہ بے عزتی ان کی نہیں بلکہ آصف زرداری کی ہوئی سب کیا دھرا سعید غنی کا ہے ۔ تفصیلات کےمطابق کہا جاتا ہے اک زرداری سب پر بھاری مگر جناب زرداری صاحب کی بیٹیاں ان پر بھی بھاری پڑگئیں ۔ بختاوراورآصفہ بھٹو زرداری  والد سے ن لیگ کے باغی عرفان اللہ مروت کی ملاقات اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں پرسخت برہم ہوئیں  اور ٹوئٹر پر مذمتی بیان جاری کردیئے جبکہ پارٹی کی سطح پر اس مفاہمت کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھا گیا ۔ ذرائع کے مطابق بیٹیوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری بھی بیک فٹ پر چلے گئے ۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو عرفان اللہ مروت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی بیان بازی سے منع کردیا۔ ترجمان بلاول ہاوس کے مطابق عرفان اللہ مروت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں ہوا ہے۔ ان سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا پارٹی کی بہتر مفاد میں ہوگا ۔ دوسری جانب عرفان اللہ مروت کا کہنا ہے کہ  یہ بے عزتی ان کی نہیں بلکہ آصف علی زرداری کی ہے۔ ان کے حلقے کے سینیٹر سعید غنی سابق صدر اور ان کے بچوں کے درمیان پھوٹ ڈلوا رہے ہیں ۔