Monday, May 13, 2024

عرس حضرت بابا فریدؒپرپابندیوں کیخلاف زائرین کا احتجاج

عرس حضرت بابا فریدؒپرپابندیوں کیخلاف زائرین کا احتجاج
August 23, 2020
پاکپتن ( 92 نیوز)برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے عرس مبارک پر پابندیوں کےخلاف زائرین نے احتجاج کیا، علمائے کرام کا بھی کہنا ہے کہ کیا حکومت کو بازاروں میں رش نظر نہیں آتا۔ محبتوں اور امن کے مرکز دربار پاکپتن شریف پر ایس او پیز کے نام پر کڑے پہرے، بابا فرید الدین گنج شکرؒ کے عرس مبارک کے دوران زائرین پر پابندیاں، جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرنے پر زائرین نےاحتجاج کرتے ہوئے کہا کیا بازاروں اور مارکیٹوں میں عوام کا رش حکومت کو نظر نہیں آتا۔ شہریوں کا کہنا ہے حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کے باوجود دربار میں حاضری سے روکا جا رہا ہے، انتظامیہ زائرین کو سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے، زائرین نے بہشتی دروازہ کھولنے کا مطالبہ بھی کر دیا ۔ علامہ حامد سعید کاظمی، مفتی فاروق القادری اور دیگر علمائے کرام کا کہنا ہے کہ کیا حکومت کو سیاحتی مقامات، بازاروں اور دیگر مقامات پر رش نظر نہیں آتا؟ ۔ کورونا کے پھیلاؤ کے خطرے پر رواں برس حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے عرس مبارک کے موقع پر زائرین کی حاضری کو محدود کیا گیا تھا جبکہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بہشتی دروازہ بھی صرف علامتی طور پر دو روز کیلئے کھولا جائے گا۔