Saturday, April 20, 2024

عربی رسم الخط سکھانے کیلئے کلمہ طیبہ کی مشق ملنے پر امریکی خوف میں مبتلا

عربی رسم الخط سکھانے کیلئے کلمہ طیبہ کی مشق ملنے پر امریکی خوف میں مبتلا
December 19, 2015
ورجینیا (ویب ڈیسک) امریکا میں سکول ٹیچرنے بچوں کو عربی رسم الخط لکھنے کےلئے کلمہ دیا تو والدین خوف میں مبتلا ہو گئے کہ ان کے بچوں کومسلمان بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ غیریقینی صورتحال کے پیش نظرجمعہ کے دن کاونٹی میں سکول بند رہے۔ ادھرٹیکساس میں سکھ بچے کا یہ کہنا کہ اس کے بیگ میں بم ہے مہنگا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورجینیاکے ایک مقامی سکول میں غیرمسلم ٹیچرنے بچوں کوعربی رسم الخط سیکھنے کےلئے کلمہ گھرسے لکھ کرلانے کیلئے پرنٹ دیے تو بچوں کے والدین خوف میں مبتلاہو گئے کہ سکول ٹیچر ان کے بچوں کو مسلمان بنانے کی سازش کر رہی ہے۔ والدین کی جانب سے سکول کو لاتعداد فون کالز اور ای میلز موصول ہوئیں جن میں کلمہ لکھوانے کی وجہ کے بارے میں پوچھاگیا۔ آگستاکاونٹی میں غیریقینی صورتحال کے پیش نظرتمام سکولز بند کر دیے گئے جبکہ سکول انتظامیہ نے والدین کو آئندہ کسی بھی قسم کے مذہبی کلمات کی بچوں کو مشق نہ کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ ادھرٹیکساس کے ایک سکول میں سکھ بچے نے اپنے ساتھی طالب علم سے مذاق کیا کہ اس کے بیگ میں بم ہے جس پر سکول انتظامیہ نے پولیس کوطلب کرکے اس کابیگ چیک کرنے کی بجائے طالب علم کو گرفتار کروا دیا۔ ارمان سنگھ کے قریبی عزیزنے سوشل میڈیاپرواقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔