Thursday, April 25, 2024

عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
August 11, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین کی اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بولے عراقی وزیر خارجہ کو پاکستان میں دیکھ کر مسرت ہوئی۔ عراقی وزیر خارجہ نے عراق میں ہمارا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔ دوطرفہ مذہبی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تجارت ، توانائی، مذہبی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔  دونوں ممالک کے مابین تعلقات علاقائی اقتصادی روابط کا حصہ ہیں۔ دفاعی امور، افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عراقی وزیر خارجہ سے زائرین کے ویزہ بارے بات چیت ہوئی ۔ محرم اور اربعین میں 2 لاکھ پاکستانی عراق کا سفر کرتے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نئی زائرین پالیسی مرتب کی گئی ہے۔ نجف اور کربلا میں قونصل خانے کھول رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا دوحہ میں منعقدہ ٹرائیکا پلس اجلاس کی کامیابی کے لئے پر امید ہیں۔ مشرق وسطی میں امن عراق اور پاکستان دونوں کے لئے ضروری ہے۔ دونوں ممالک کے مابین مستقل سیاسی رابطوں پر اتفاق ہوا ہے۔

عراقی وزیرخارجہ ڈاکٹر فواد حسین کا کہنا تھا دونوں ممالک نے علاقائی روابط پر بات کی ۔ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں۔ ملاقات میں افغان مسئلہ پر بھی بات ہوئی۔ ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ یقین ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کرے گا۔ عراقی وزیر اعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ہے۔ عراقی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر کام کر رہے ہیں۔