Thursday, March 28, 2024

عراقی فوج موصل میں داعش کے خلاف بڑی جنگ لڑنے کیلئے تیار

عراقی فوج موصل میں داعش کے خلاف بڑی جنگ لڑنے کیلئے تیار
September 10, 2016
بغداد (ویب ڈیسک) امریکی قیادت میں اتحادی افواج عراقی شہر موصل میں داعش کے خلاف بڑے آپریشن کے لیے تیار ہو گئیں۔ کارروائی آئندہ پندرہ دن میں شروع کر دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق داعش عراق میں اپنے زیرقبضہ نصف علاقے کا کنٹرول کھوچکی ہے لیکن موصل اور رقہ کے بیشتر حصوں میں اب بھی داعش کا کنٹرول ہے۔ عراقی فورسز موصل میں داعش کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر رہی ہیں۔ داعش کے خلاف اس بڑی کارروائی میں عراقی فورسز کو امریکی اتحادی افواج کی مدد بھی حاصل ہو گی۔ عراق میں موصل داعش کے زیرقبضہ آخری بڑا شہر ہے جس پر دو ہزار چودہ میں قبضہ کیا گیا۔ ابھی تک موصل شہر کا کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لیے کارروائی شروع کرنے کی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔ موصل سے ہی داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی نے نام نہاد خلافت کا اعلان کیا تھا۔ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ موصل میں حتمی آپریشن شروع ہونے سے وہاں دنیا کا سب سے سنگین انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔