Sunday, May 19, 2024

عراق میں پرتشدد مظاہرے، ہلاکتیں 104 ہو گئیں، 6107 زخمی

عراق میں پرتشدد مظاہرے، ہلاکتیں 104 ہو گئیں، 6107 زخمی
October 7, 2019
بغداد (92 نیوز) عراق میں عراق میں چھے روز سے جاری پرتشدد مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو چار ہوگئی جبکہ 6107 زخمی ہوگئے۔ حکومت نے مظاہروں کے خاتمے کیلئے 17 نکاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا۔ عراق میں گزشتہ چھے روز سے بنیادی سہولیات کی کمی، بیروز گاری اور کرپشن کیخلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، دارالحکومت بغداد کے ضلع صدر سٹی میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید 8 مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ مختلف مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے براہ راست گولیاں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، ترجمان عراقی وزارت داخلہ کے مطابق پرتشدد مظاہروں میں 8 سکیورٹی اہلکاروں سمیت ایک سو چار افراد ہلاک اور چھے ہزار ایک سو سات زخمی ہوئے۔ اکاون سرکاری اور نجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ باون گاڑیاں نذر آتش کی گئیں۔ دوسری جانب عراقی حکومت نے مظاہروں کے خاتمے کیلئے سترہ نکاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے کابینہ کی جانب سے زمینوں کی تقسیم، ضرورت مندوں کے وظائف میں اضافہ اور بیروزگار نوجوانوں کیلئے خصوصی اعلانات کیے گئے ہیں۔