Thursday, April 25, 2024

عراق میں محصور پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

عراق میں محصور پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے پرواز اسلام آباد پہنچ گئی
April 8, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) عراق میں محصور پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے پرواز اسلام آباد پہنچ گئی۔ ایئرپورٹ پر مسافروں اور عملے  کا طبی معائنہ اور اسکریننگ کی گئی۔ ایک مسافر کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر پمز منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر کو قرنطینہ سنٹر پہنچا دیا گیا۔ کورنا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آنے والے مسافروں کو گھروں کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔ عراق میں پاکستانی سفیر ساجد بلال نے ہم وطنوں کو بغداد ایئرپورٹ سے رخصت کیا تھا ۔ مسافروں میں عورتیں، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ پاکستانی سفیر ساجد بلال نے بغداد ایئرپورٹ پر مسافروں اور جہاز کے عملے سے ملاقات کی۔ انہوں نے عملے کی خدمات کو سراہا۔ مسافروں نے تہہ دل سے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر بغداد ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سےگونج اٹھا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے طیارے میں 33 مسافر بغداد روانہ بھی ہوئے۔ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد عراق میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے طیارہ روانہ ہو سکا۔ گزشتہ روز پالپا اور پی آئی اے کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے اور معاہدہ طے پا گیا تھا ۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مکمل اقدامات کرنے کا اعلان کر دیا تھا ۔ معاہدہ کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ ہر وہ قدم اٹھائے گی جس سے پائلٹس اور دیگر عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ پائلٹ ان کمانڈ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے گا۔ پائلٹ سول ایوی ایشن کے حفاظتی اقدامات کا ذمہ دار ہو گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی ہر فلائٹ کے لئے حفاظتی سرٹیفکیٹ بھی جاری کریگی۔ سول ایوی ایشن انسپکٹر فلائیٹ کے کپتان کو مکمل بریفنگ دے گا۔ کپتان کے مطمئن ہونے کے بعد فلائیٹ آپریٹ ہو گی۔ ائیر لائن کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جائے گا۔ کیبن کریو اور دیگر عملے کو مکمل بریفنگ دی جائے گی ۔ ہر سطح پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پائلٹ اپنی عدم دستیابی سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کریگا۔