Friday, May 3, 2024

عراق میں خانوادہ رسولﷺ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری

عراق میں خانوادہ رسولﷺ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری
August 29, 2020
کربلا (92 نیوز) محرم الحرام کی مناسبت سے عراق میں خانوادہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ان کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے، نویں محرم الحرام کو بڑی تعداد میں عزادار روضہ امام حسین علیہ السلام پہنچے اور شہدائے کربلا کی قربانیوں پر سلام پیش کیا۔ کربلائے معلی نواسہ رسول ﷺ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کی یادمیں نوحہ خواں ہے۔ عراق کے شہر کربلا میں عزاداروں نے نویں محرم الحرام کی شب روضہ امام حسین علیہ السلام اور امام رضا پر حاضری دی اور شہدائے کربلا کی قربانیوں اور عظمتوں کو سلام پیش کیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار عراقی حکومت نے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے ماضی کی نسبت انتہائی مختصر لوگ یوم عاشور کے مرکزی جلوس میں شریک ہوں گے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار جہاں کھانے پینے کی اشیاء کی سبیل چلی، وہیں لوگوں نے عزاداروں میں ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور دستانے بھی بانٹے۔ جب کہ عزاداروں نے بھی کورونا کی حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا۔ نویں محرم کو روضہ امام رضا علیہ السلام پر بھی مجلس برپاہوئی، اس دوران عزاداران نے شہدائے کربلا کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔