Wednesday, April 24, 2024

عراق میں حکومت مخالف احتجاج جاری، طلبہ بھی سڑکوں پر آگئے

عراق میں حکومت مخالف احتجاج جاری، طلبہ بھی سڑکوں پر آگئے
October 28, 2019
بغداد (92 نیوز) عراق میں حکومت مخالف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، طلبا و طالبات بھی وزیراعظم کی وارننگ نظرانداز کرکے سڑکوں پر نکل آئے، سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں جمعہ سے اب تک 74 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ عراق میں عوام کا غصہ نہ تھم سکا، احتجاج کے دوسرے مرحلے میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف غصے کا اظہار کررہے ہیں۔ بغداد، نجف، کربلا سمیت ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے، سکول اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات بھی وزیراعظم کی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں، متعدد مقامات پر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا جارہا ہے۔ سیکورٹی فورسز کو مظاہرین کو کچلنے کیلئے فری ہینڈ دیا گیا ہے، جمعے سے اب تک 74 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اکتوبر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو سو سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔ عراق میں داعش کے خاتمے کے بعد بھی ملکی معاشی صورتحال انتہائی بدتر ہے، بے روزگاری اور غیرمعیاری سہولیات نے عوام کا پارہ ہائی کر دیا ہے۔