Friday, April 26, 2024

عراق : فلوجہ کو داعش سے آزاد کرانے کیلئے لڑائی جاری‘ اہم کمانڈر سمیت متعدد جنگجو ہلاک

عراق : فلوجہ کو داعش سے آزاد کرانے کیلئے لڑائی جاری‘ اہم کمانڈر سمیت متعدد جنگجو ہلاک
May 28, 2016
بغداد (ویب ڈیسک) عراق کے شہر فلوجہ کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے لڑائی جاری ہے۔ امریکی طیاروں کی بمباری سے داعش کے کمانڈر مہرالبلاوی سمیت متعدد جنگجو مارے گئے۔ عراقی فوج اور ا س کی حامی ملیشیا نے شہر کا محاصرہ مکمل کرلیا ہے۔ شہر میں کھانے پینے کی چیزوں کی شدید قلت ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ ملیشیا کے سربراہ ہادی الامیری نے کہا ہے کہ فلوجہ شہر کو مکمل طور پر محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ شہرکو آزاد کرانے کے لئے فیصلہ کن لڑائی جلد ہو گی۔ عراقی فوج نے فلوجہ کے اردگرد سڑکوں سے داعش کی نصب کی ہوئی ڈھائی سو سے زائد بارودی سرنگیں اور بم ناکارہ بنا دیے ہیں۔ شہر میں پچاس ہزار سے زائد شہری موجود ہیں جن کے بارے میں اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہا رکیا ہے۔ داعش لوگوں کو شہر چھوڑنے سے روک رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے نے کہا ہے کہ فلوجہ میں کھانے پینے کی چیزوں کی قلت ہے اور شہری فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ فلوجہ پر دوسال سے داعش کا قبضہ ہے۔ شہر میں داعش کے پانچ سے سات سو جنگجو موجود ہیں۔ پیر سے ہونے والی لڑائی میں بیس جنگجو اور تیس شہری ہلا ک ہو چکے ہیں۔