Thursday, April 25, 2024

عراق، تکریت میں صدام حسین کا مقبرہ تباہ ، لاش غائب ہو گئی

عراق، تکریت میں صدام حسین کا مقبرہ تباہ ، لاش غائب ہو گئی
April 17, 2018
تکریت ( 92 نیوز ) عراق کےسابق صدر صدام حسین کی لاش معمہ بن گئی، تکریت میں صدام حسین کا مقبرہ تباہ ہو گیا ، مزارکی جگہ ملبہ پڑا ہےمگر قبرسے میت غائب ہے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق عراقی طیارے نےمزارپربمباری کی ، لا ش کی باقیات صدام کی بیٹی ہالہ اردن لے گئی ہیں ۔ اٹھائیس اپریل کو صدام حسین کے یوم پیدائش سے قبل اس انکشاف نے تہلکہ مچادیا ہے ، ہر سال اس روز زائرین کی بڑی تعداد سابق صدر کے مزار پر حاضری دیتی ہے ۔ صدام حسین کے قبیلے ابونصر کے سربراہ شیخ مناف نے بھی لاش غائب ہونے کی تصدیق کی ہے ، اس حوالے سے مختلف افواہیں بھی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں ۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ صدام حسین کی صاحبزادی ہالہ ان کی باقیات کو اردن لے گئی ہیں ، تاہم مقامی افراد اس کی تردید کرتے ہیں ،جبکہ کچھ کا خیال ہے سابق صدر کے مقبرے کے ساتھ بھی وہی ہوا جو ان کے والد کے ساتھ ہوا تھا،  جسے نامعلوم افراد نے دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ انہتر سالہ صدام حسین نے عراق پر 24 سال حکمرانی کی تھی ، انھیں 30 دسمبر 2006 کو اپنے ایک 148 مخالفین کے قتل کے الزام میں پھانسی دی گئی تھی۔ اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے صدام حسین کی میت ان کے آبائی علاقے میں تدفین کیلئے بھیجی تھی۔