Friday, April 26, 2024

عدلیہ مخالف بیانات نواز شریف کو بھاری پڑنے لگے

عدلیہ مخالف بیانات نواز شریف کو بھاری پڑنے لگے
December 26, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) عدلیہ مخالف بیانات نواز شریف کو بھاری پڑنے لگے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیانات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار سردار شہباز علی خان کھوسہ ایڈووکیٹ ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے دلائل دیئے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور دیگر اہم شخصیات کے بیانات سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ عدالت پیمرا اور دیگر فریقین کو عدلیہ اور اداروں کے خلاف ایسے بیانات نشر کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ سماعت دو ہفتوں کے بعد ہو گی۔
دوسری جانب درخواست گزار نے وفاق کو بذریعہ سیکرٹری اطلاعات، پی بی سی، پیمرا، اور آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کو فریق بنا رکھا ہے۔