Friday, May 3, 2024

عدلیہ مخالف احتجاج ، مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر پر فرد جرم عائد

عدلیہ مخالف احتجاج ، مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر پر فرد جرم عائد
May 11, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف احتجاج پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر  سمیت  چھ افراد پر فرد جرم عائد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں عدلیہ مخالف احتجاج پر مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کے خلاف درخواست پر سماعت  ہوئی۔ ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر  سمیت  چھ افراد پر  فردجرم  عائد  کردی گئی۔ پراسکیوٹر نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ تمام ملزمان کو فرد جرم کی کاپیاں فراہم کردی گئی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ملزمان سات روز میں جواب داخل کریں۔ ایم این اے شیخ وسیم اور ایم پی اے نعیم صفدر سمیت چھ ملزموں نےفرد جرم ماننے سے انکار کردیا۔ ناصر خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم پہلے بھی عدلیہ کا احترام کرتے تھے اور اب بھی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے ہمیں معلوم ہے یہ معاشرہ ہے ہم بھی کسی سیارے سے نہیں آئے۔ جمیل خان کامؤقف تھا کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے مجھ سے غیر دانستہ طور پر یہ جرم ہوا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا لیڈر بھی سارا دن یہی کام کرتا ہے۔ ڈی پی او قصور کی جانب سے سی ڈیز کی فرانزک رپورٹ عدالت میں پیش کی گئیں۔ اسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ تین ملزموں کے وکلا کی جانب سے غیر مشروط معافی  کی درخواست کی گئی ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ کورٹ آف لاء ہے یہاں کسی کے خلاف فیصلہ نہیں ہو گا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی  میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔