Saturday, May 4, 2024

عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو انصاف نہیں دیا  : طاہر القادری

عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو انصاف نہیں دیا  : طاہر القادری
January 4, 2016
لاہور(92نیوز)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو انصاف نہیں دیا، اب فوج ہی آخری امید ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیراعظم سمیت تمام ملزموں پر فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ تفصیلات کےمطابق سا نحہ ماڈل ٹاؤن میں ہلاک ہونےوالےکارکنوں کے لواحقین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ شہدا کے لواحقین عظیم ہیں، جنہیں ضمیروں کے سوداگر حکمرانوں کے خزانے بھی خرید نہ سکے انہوں نے سوال کیا کہ اگر حکمران قاتل نہیں تو پھر سانحہ ماڈل ٹائون جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کی جا رہی۔ غیرجانبدار جے آئی ٹی کیوں تشکیل نہیں دی جا رہی ؟ اگر انصاف نہ ملا تو پھر مظلوم  خود انصاف کرنے کیلئے میدان میں آجائیں گے۔ طاہرالقادری نے ایک اور دھرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ فیصلہ حکومت پر چھوڑتے ہیں، اب ان کی صحت دھرنے یا لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہیں عوامی تحریک کے سربراہ پاکستان  میں مختصر قیام کے بعد آج رات بیرون  ملک روانہ ہو جائیں گے۔