Friday, April 26, 2024

عدالتی فیصلہ عوام سے تعلق نہیں توڑ سکتا، ہارنے والا نہیں، نواز شریف

عدالتی فیصلہ عوام سے تعلق نہیں توڑ سکتا، ہارنے والا نہیں، نواز شریف
November 19, 2017

ایبٹ آباد (92 نیوز) سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف نے عدالتی فیصلے پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار پانچ لوگ عوام کی قسمت کا فیصلہ کیسے کر سکتے ہیں؟ آج عوام کی اصل عدالت میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا عدالتی فیصلہ عوام سے تعلق نہیں توڑ سکتا، ہارنے والا نہیں ہوں، نواز شریف نظریے کا نام ہے۔  انہوں نےمزید کہا ہیروں پر مشتمل جے آئی ٹی کی حقیقت جلد کھلے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ پاناما کیس کے نظرثانی اپیل کے عدالتی فیصلے میں سوال اٹھایا گیا کہ قافلے کیوں لٹتے رہے، ہمیں معلوم ہے اور اس قوم کو بھی معلوم ہے کہ آپ نے کبھی راہزنوں سے کوئی گلہ نہیں کیا، آپ نے تو 70 سال میں کسی راہزن سے سوال تک نہ کیا اور کسی راہزن کو کٹہرے میں بھی نہیں لائے۔

نواز شریف نے کہا کہ پاناما کا ڈرامہ رچایا گیا، جس پٹیشن کو فضول کہہ کر خارج کیا گیا وہ بعد میں مقدس ہوگئی، میرے خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، واٹس ایپ کا تماشا لگا، پھر کچھ انمول ہیرے تلاش کیے گئے۔ 

نواز شریف نے کہا کہ جے آئی ٹی بنائی گئی جس کے سامنے مجھ سمیت میرے صاحبزادے اور بیٹی بھی پیش ہوئی، لیکن سب کچھ کرنے کے باوجود نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن سامنے نہ آسکی۔

سابق وزیر اعظم نے عمران خان اور خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شعبدہ باز کہتے تھے ہم 90 دنوں میں کرپشن کا خاتمہ کردیں گے، اربوں درخت لگانے کا کہنے والے اربوں روپے کھا گئے لیکن ایک واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم پر نکالا گیا، مائنس نوازشریف کہنے والوں کو پتہ نہیں نوازشریف نظریہ بن چکا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ ہارنے والا ہوتا تو کب کا عوام کو چھوڑ کر جا چکا ہوتا۔