Sunday, September 8, 2024

عدالتی حکم پر پولیس کا زمیندار کی مبینہ نجی جیل پر چھاپہ، ایک سو پانچ ہاری بازیاب

عدالتی حکم پر پولیس کا زمیندار کی مبینہ نجی جیل پر چھاپہ، ایک سو پانچ ہاری بازیاب
August 22, 2015
بدین (نائنٹی ٹو نیوز) عدالتی حکم پر پولیس کا زمیندار کی مبینہ نجی جیل پر چھاپہ، حبس بے جا میں رکھے گئے ایک سو پانچ ہاری بازیاب کرا لیے گئے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت کی جانب سے بازیاب ہونے والے ہاریوں کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فاروق احمد عباسی بدین کی عدالت کے حکم پر ٹنڈوغلام علی پولیس نے گائوں کانگھڑی موری مین زمیندار حاجی احمد خان ٹالپر اور حاجی انصار خان ٹالپر کی مبینہ نجی جیل پر چھاپہ مار کر ایک سو پانچ ہاریوں کو بازیاب کرا لیا ہے۔ چند روز قبل ہاری خاندان سے تعلق رکھنے والے شیوجی اور شمبو کولھی نے سیشن جج کی عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے یہ مؤقف اپنایا تھا کے زمینداروں نے ان کے خاندان کے ایک سو پانچ افراد کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے اور ان سے جبری مشقت لی جا رہی ہے تاہم عدالتی حکم پر پولیس نے کاروائی کر کے ہاریوں کو بازیاب کروا لیا ہے اور انہیں آج ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ عدالت نے بازیاب ہونے والے ہاریوں کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کے بازیاب ہونے والے ہاریوں میں بائیس مرد، اکیس خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔