Thursday, May 9, 2024

عدالتوں اور اداروں کے پیچھے نہ چھپو، آؤ مریم اور حمزہ سے میدان میں مقابلہ کرو، مریم نواز

عدالتوں اور اداروں کے پیچھے نہ چھپو، آؤ مریم اور حمزہ سے میدان میں مقابلہ کرو، مریم نواز
May 28, 2019

 لاہور (92 نیوز) ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے خطاب کے دوران عمران خان کو کہا عدالتوں اور اداروں کے پیچھے نہ چھپو، آؤ مریم اور حمزہ سے میدان میں مقابلہ کرو۔ چور دروازےسےآنےوالوں کی عزت نہیں ہوتی۔

 یوم تکبیر کی مرکزی تقریب مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ہوئی جس میں مریم نواز، حمزہ شہباز، رانا ثنااللہ، پرویز رشید، ایاز صادق سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

 تقریب میں مریم نواز اور حمزہ شہباز اکٹھے سٹیج پر آئے تو ایک دوسرے کا ہاتھ بلند کرکے کارکنان کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔

 تقریب سے خطاب میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے نام لئے بغیر عمران خان پر تنقید کے نشتر برسائے اور کہا کہ دنیا جانتی ہے تم چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہو اور ایک مہرہ ہو اسی لئے کوئی اورملک وزیر اعظم ماننے اور عزت دینے کو تیار نہیں کہ کہیں ہم سے پیسہ نہ مانگ لے۔

 مریم نواز نے فاٹا میں فائرنگ کے واقعہ پر وزیر اعظم پر خوب تنقید کی اور کہا کہ تم جعلی ہی سہی ملک کے نالائق اعظم تو ہو تمہیں ریاست کے سربراہ کے طور پر سامنے آ کر جواب دینا چاہیے تھا تم کہاں غائب ہو۔

عدالتوں ، اداروں ، پیچھے ، چھپو، ، مریم ، حمزہ ، مقابلہ ، مریم نواز

 پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ گذشتہ دس ماہ میں صرف غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی آ گئی۔ بجٹ کے بعد مہنگائی کا سونامی ابھی آنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا۔ مشرف کا بھی خواب تھا کہ شریف خاندان کو لڑوایا جائے لیکن ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہیں۔

 رانا ثنااللہ خان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے فیصلے کے بعد جو بھی لائحہ عمل ہو گا اس پر عمل کرتے ہوئے نالائق اعظم سے چھٹکارا دلانے کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔

 مسلم لیگ ن کی یوم تکبیر میں پرویز ملک، شاہستہ پرویز ملک، عطااللہ تارڑ، عظمی بخاری اور خرم دستگیر نے قراردادیں پیش کیں جس میں کہا گیا کہ نوازشریف اور شہبازشریف پر غیر متزلزل اعتماد، پارٹی کے لئے جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کارکنوں اور رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور مزید کہا گیاکہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے نوازشریف کو جیل میں بند کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔