Friday, March 29, 2024

عدالت کی خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل کرنیکی ہدایت

عدالت کی خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل کرنیکی ہدایت
February 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ سیاسی معاملہ ہے، ایوان میں ہی حل ہونا چاہیے۔ عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔ پارلیمنٹ کے احترام میں تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 70 سال سے ہم نے پارلیمنٹ کا احترام نہیں کیا۔ وہاں مسئلہ حل نہ تو پھر یہاں بیان دیں کہ پارلیمنٹ نا کام ہو گئی۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پہلے پارلیمنٹ کے فورم پر تنازع حل کرنے کی کوشش کریں۔ تنازع حل نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کریں۔ جہاں جمہوریت ہو کیا وہاں سیاسی لوگ ہائیکورٹ آتے ہیں؟۔ اسپیکرقومی اسمبلی کا اختیار ہے وہ فیصلہ کریں۔

محسن شاہ نوازرانجھا نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری ہوچکے مگر سیکرٹری قومی اسمبلی اس پرعملدرآمد نہیں کررہا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے احکامات پر کیسے سیکرٹری عمل نہیں کرسکتا۔ آپ کا اسپیکرآپ کونہیں سن رہا۔ اداروں کا احترام تب ہوگا جب عدالتیں ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گی۔ اسمبلی چلانا آپ لوگوں کا کام ہے۔ درخواست کو زیر التوا رکھ رہے ہیں۔ عدالت نے سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی۔