Friday, March 29, 2024

عدالت کا سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد نشرکرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

عدالت کا سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد نشرکرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم
March 7, 2017

اسلام آباد (92نیوز) سوشل میڈیا پر مقدس شخصیات کی گستاخی کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی آرڈر لکھواتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ کہتے ہیں جو ملوث ہے اور جس نے تماشا دیکھا سب کے خلاف کارروائی ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کردیا کہ مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی کے معاملے میں ملوث عناصر اور جو تماشہ دیکھتے رہے دونوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا پر مقدس شخصیات کی گستاخی کےخلاف درخواست کی سماعت کی۔

عدالت کے حکم پر آئی جی اسلام آباد اور چئیرمین پی ٹی اے عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے سے اہم کوئی اور معاملہ نہیں ہو سکتا۔ اسے بیوروکریسی پر نہیں چھوڑیں گے۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان عدالت میں پیش ہو کر بتائیں کہ حکومت نے اب تک کیا اقدامات کئے۔ آرڈر لکھوانے کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی آبدیدہ بھی ہوگئے۔

کہنے لگے روزمحشرامت کی شفاعت کرنے والی ہستی کی کردارکشی کی جا رہی ہے۔ اگر گستاخانہ مواد نشر کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو ملک میں امن و امان کا سنگین مسئلہ کھڑا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے بغیر پہلے بھی زندہ تھے لیکن کسی نے بھی امت کی محبت پر ایسا حملہ نہیں کیا۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی اے کو اس گھناونی سازش کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔