Saturday, April 20, 2024

عدالت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا جواز مانگ لیا

عدالت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا جواز مانگ لیا
July 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پیٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکس کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے پیٹرولیم قیمتوں پر اظہار تشویش کیا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جواز مانگ لیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا ٹیکس کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل نے کہا ڈیلرز اور ڈسڑی بیوٹرز کا نفع کم کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کچھ نہ کچھ کمی ہوسکتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ٹیکس اکٹھا کرنا چاہیے لیکن کوئی طریقہ ہو، کیا پالیسی میکرز کو بلکتے لوگوں کا خیال نہیں آتا۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا اس انداز سے ٹیکس اکٹھا کرنا ٹیکس حکام کی ناکامی ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا پیٹرولیم مصنوعات پر کسٹم ڈیوٹی اور سیل ٹیکس کا کیا جواز ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کراچی والوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کراچی میں 22 جولائی سے نئے واٹر ٹریٹمنٹ کا افتتاح ہورہا ہے۔ چند ماہ میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا بڑی کامیابی ہے۔ عدالت نے نگران وفاقی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر غور کرنے کے لیے اتوار تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔