Monday, September 16, 2024

عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے 3کارکنوں کو اشتہاری قرار دیدیا

عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے 3کارکنوں کو اشتہاری قرار دیدیا
August 12, 2015
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایم کیوایم کے تین کارکنوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔ دوسری جانب پولیس نے ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ قتل کا چالان بھی عدالت میں پیش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار ذیشان اکرم قتل کیس میں پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے تین کارکنان کے مفرور ہونے کی رپورٹ پیش کردی گئی جس کے بعد عدالت نے سلیم عرف اچھن،سعد صدیقی اور ندیم کو اشتہاری قرار دے دیا ۔ ملزموں نے 2007ءمیں پولیس اہلکار کو سعودآباد میں قتل کیا تھا۔ قتل میں ملوث دو ملزم نعیم عرف گڈو اور حبیب الرحمان کو پولیس پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیوایم کے مقتول کارکن وقاص شاہ قتل کیس کا بھی چالان پیش کردیا۔ چالان کے مطابق نائن زیرو پر رینجرز آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے سابق یونٹ انچارج آصف علی نے گیارہ مارچ 2015ءکو فائرنگ کرکے وقاص شاہ کو قتل کیا تھا۔ ملزم کی شناخت پریڈ مکمل اور آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔ عدالت نے 25 اگست کو گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔ ایم کیوایم کی جانب سے وقاص شاہ کے قتل کا الزام رینجرز پر عائد کیا گیا تھا۔