Saturday, April 27, 2024

عدالت میں عدم پیشی پر اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت عارضی طور پر معطل

عدالت میں عدم پیشی پر اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت عارضی طور پر معطل
May 8, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ مسترد کر دی۔  عدم پیشی پر سینیٹر اسحاق ڈار کی رکنیت عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق  کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے اسحاق ڈار کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آج اسحاق ڈار پیش ہوئے یا نہیں جس پر اسحاق ڈار کے وکیل کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور عدالت کو بتایا گیا کہ ان کے موکل بیمار ہیں اور ان کا بیرون ملک علاج جاری ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ خبروں میں تو ہم انہیں آتا جاتا دیکھتے رہتے ہیں ،وہ صحت مند ہیں لیکن یہاں میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیتے ہیں۔ عدالت نے اسحاق ڈار کے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اظہارِ عدم اطمینان کیا اور اسے مسترد کرتے ہوئے ان کی سینیٹ کی رکنیت معطل کردی۔ چیف جسٹس نے کہا اسحاق ڈار کو ایک نہ ایک دن آنا ہی پڑے گا، بتائیں کہ وہ کب تک ٹھیک ہوجائیں گے اور کب تک عدالت میں آئیں گے۔