Friday, April 26, 2024

عثمان بزدار کا کورونا کے خاتمے تک ڈاکٹروں ،طبی عملے کو اضافی تنخواہ دینے کا اعلان

عثمان بزدار کا کورونا کے خاتمے تک ڈاکٹروں ،طبی عملے کو اضافی تنخواہ دینے کا اعلان
April 26, 2020

لاہور ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے کورونا کے مریضوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹروں اورطبی عملے کو وبا  ءکے خاتمے تک اضافی تنخواہ دینے کا اعلان کردیا ،  کہا کہ ان کی توجہ ہیلتھ پروفیشنلز کی ٹریننگ پر ہے لیکن عاقبت نا اندیش اپوزیشن وبا پر بھی سیاست کر رہی ہے  ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار نے کہا کہ  کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو وباء کے خاتمے تک اضافی تنخواہ دیں گے،ڈاکٹروں اور طبی عملے کواپریل سے وباء پر قابوپانے تک  اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہیلتھ پروفیشنلز  کی ٹریننگ پر توجہ ہے مگر  عاقبت نا اندیش اپوزیشن وباء کے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہ آئی، اپنے دور میں تجربے اور ڈرامے رچانے والے سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کی بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے ، قوم کو اچھی صحت اور تعلیم کی ضرورت تھی ، یہ کرپشن کے مینار اٹھاتے رہے ، خود کو کٹہرے میں آتا دیکھ کر خوفزدہ  ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے  گوجرانوالہ میں پولیس وین تلے آکر سینٹری ورکر کی ہلاکت کا نوٹس بھی لیا ۔