Friday, May 10, 2024

عثمان بزدار کا ریسکیو 1122 کے 3400 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان

عثمان بزدار کا ریسکیو 1122 کے 3400 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان
October 14, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 کے 15 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں ریسکیو کے  3400 اہلکاروں کو مستقل کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تین برس کی ملازمت مکمل کرنے والے ملازمین کو دو ہفتوں مین ریگولر کرنے کا اعلان کیا کہا کہ  ریسکیو1122کے ملازمین کیلئے سروس اسٹرکچر 2ہفتے میں مکمل کر کے نافذ کیاجائے گا ۔  ریسکیورز کے 50فیصد ایمرجنسی الاؤنس کو بحال کرنے کا بھی اعلانکیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیو1122 کے ملازمین کیلئے2017ء سے ایمرجنسی الاؤنس پرجو 50فیصد کٹوتی کی گئی اس الاؤنس کو بحال کیاجائے گا، پنجاب ایمرجنسی سروسز کے خواب کو عملی جامع پہنایاگیا ہے، جوانوں نے اپنی محنت سے عوامی خدمت سے اس ادارے کو ملک کے بہترین اداروں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریسکیو کے جوان خوش قسمت ترین لوگ ہیں جو اپنے فرائض منصبی کیساتھ ساتھ رضائے الٰہی اور عوام کی دعائیں بھی سمیٹ رہے ہیں ،  پنجاب میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی صورت میں ایک معیاری ادارہ موجود ہے جس کا دائرہ کار تمام اضلاع سے بتدریج تمام تحصیلوں تک پھیلایا جارہا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں 7 منٹ کا اوسط رسپانس ٹائم برقرار رکھنے کا ریکارڈقابل ستائش ہے ،  سارک ممالک میں اقوام متحدہ کی طرف سے ایمرجنسی سروسز کے پہلے رجسٹرڈ ادارے کا درجہ رکھنا ایک اعزاز کی بات ہے، پنجاب ایمرجنسی سروسز اورایمرجنسی سروسز اکیڈمی سارک ممالک کے لئے ماڈل کا درجہ رکھتی ہے جبکہ  موٹر سائیکل ایمرجنسی سروس کے ذریعے 4منٹ کا رسپانس ٹائم بھی ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو نے اب تک پنجاب بھر میں ایمرجنسی صورتحال میں 75لاکھ لوگوں کی مددکی ہے ، فائر اور ریسکیوسروسزکے ذریعے اربو ں روپے کی املاک کا بچاؤ اورایک لاکھ35ہزار فائر ایمرجنسی میں فوری رسپانس کا ریکارڈ قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122کی 15ویں سالگرہ پر کیک بھی کاٹا ،  تقریب سے ڈی جی ریسکیو1122سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر  رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا،سابق وفاقی سیکرٹری سہیل احمد اور ریسکیورز کی بڑی تعداد موجود تھی ۔