Friday, April 26, 2024

عثمان بزدار سے وسیم اختر رامے کی ملاقات ، کورونا وباء بارے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

عثمان بزدار سے وسیم اختر رامے کی ملاقات ، کورونا وباء بارے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال
May 7, 2020
 لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں کورونا وباء کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مسافر قرنطینہ مراکز میں دورانِ قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔ ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مقیم مسافروں تک رسائی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کورونا وبا اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے خصوصی گرانٹ کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ثقافتی اور ادبی تنظیموں و اداروں کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے خانیوال کے علاقے کبیر والا میں اغوا کے بعد نوجوان پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس بھی لے لیا۔ انہوں نے ڈی پی او خانیوال سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس دوران صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ بزدار حکومت کا بنیادی ایجنڈا عوام کی مشکلات میں کمی ہے۔ پنجاب حکومت لاک ڈاؤن میں نرمی احتیاطی تدابیر پر عمل سے مشروط کرنے پر غور کر رہی ہے۔