Friday, May 17, 2024

عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری کا ن لیگ چھوڑنے کا باضابطہ اعلان

عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری کا ن لیگ چھوڑنے کا باضابطہ اعلان
November 7, 2020

کوئٹہ (92 نیوز) عبدالقادر بلوچ اور ثناء اللہ زہری نے ن لیگ  چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ،  عبدالقادر بلوچ کہتے ہیں فوج کے خلاف باتیں کرنے والوں کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ ثنا اللہ زہری نے کہا وہ معزز قبائلی سردار ہیں، نواز شریف کون ہوتے ہیں اسٹیج پر بٹھانے کا فیصلہ کرنے والے ۔

عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ مجھے ایک دن پہلے فون کرکے کہا گیا چیف آف زالاوان اسٹیج پر نہیں آئیں گے ،چیف  آف زالاوان سابق وزیر اعلیٰ ہیں،ان کے خلاف نیب میں کوئی کیس نہیں تھا،جب میں نے وجہ پوچھی تو کہا گیا کہ پارٹی کا فیصلہ ہے،جس پر میں نے کہا کہ میں تو پارٹی کا صدر ہوں ،چیف آف زالاوان وہ شخصیت ہیں جنہوں نے مسلم لیگ ن کو چلایا،مجھے کہا گیاکہ  اگر  چیف آف زالاوان اسٹیج پر آئے تو اخترمینگل صاحب ناراض ہوجائیں گے۔

عبدالقادربلوچ نے کہا کہ  قبائلی روایات کے مطابق اخترمینگل چیف آف زالاوان کی بات ماننے کے پابند ہیں،میں نے اسی وقت کہہ دیا تھا کہ یہ فیصلہ مجھے منظور نہیں، اگرچیف آف زالاوان نے پارٹی چھوڑی تو میں بھی چھوڑ دوں گا،

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادربلوچ نے مزید کہا کہ میں جو کچھ بھی ہوں پاک فوج کی وجہ سے ہوں، کبھی سوچ بھی نہیں سکتا کہ افواج پاکستان کے خلاف اس قسم کی بات کرنے والے گروہ کے ساتھ رہوں،میں نے اسی وجہ سے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ۔

نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ 2010ء میں لیفٹیننٹ جنرل(ر)عبدالقادربلوچ کے مشورے پر مسلم لیگ ن جوائن کی،اس وقت بلوچستان میں نوازشریف کو کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، جنرل صاحب نوازشریف کو میرے گھر پر لے کر آئے، میں نے اپنی پارٹی پاکستان پارلیمنٹیرینز مسلم لیگ ن میں ضم کردی، نوازشریف سے کہا میں آپ سے کچھ نہیں مانگتا، یہاں کے لوگوں کو آپ سے شکایت ہے کہ آپ لوگوں کو استعمال کرکے چھوڑ دیتے ہیں، ہم آپ سے صرف عزت چاہتے ہیں، اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد عبدالقادربلوچ اور میں سیاسی مستقبل کے حوالے سے آگاہ کریں گے،ہمارے ساتھ جن بھی رہنماؤں نے ن لیگ سے استعفیٰ دیا میں ان سب کا شکرگزار ہوں۔

ادھر ن لیگ کے صوبائی عہدیدار نواب شمبیزئی ، آمنہ بلوچ ، شاہ حسین نے بھی استعفے دے دیے ۔