Friday, April 26, 2024

عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع

عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع
May 13, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع کر دی ۔ آمدنی سے زائد اثاثہ جات اور آف شورکمپنیاں بنانے کے کیس پر احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ منگوانے کے لئے متحدہ عرب امارات کو لیٹر لکھے ہیں، کمپنیوں  کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔ علیم خان کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ اگر خط کا جواب 25 برسوں میں نہ آئے توپھر عبدالعلیم خان کا کیا بنے گا،عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیش کی رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے علیم خان کی درخواست ضمانت  پر سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی ۔ لاہورہائیکورٹ میں جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ عدالت نے نیب سے گواہوں کے بیانات کی نقول طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ایسےگواہان کا ریکارڈ پیش کیا جائےجن سے عبدالعلیم خان کے آمدن سے زائد اثاثوں کا پتہ چلتا ہو،عدالت نے سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی۔ ادھر سیشن عدالت میں علیم خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست قبول کرتے ہوئےکیس پر مزید کارروائی  30 مئی تک ملتوی کردی  گئی۔