Friday, April 26, 2024

عبدالعلیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ مارچ تک کی توسیع

عبدالعلیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں پانچ مارچ تک  کی توسیع
February 25, 2019
لاہور ( 92 نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک کی توسیع کرتے ہوئے نیب کے حوالے کر دیا۔ احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کےجسمانی ریمانڈ میں پانچ مارچ تک توسیع کی منظوری دے دی۔ نیب کے وکیل نےمؤقف اختیارکیا کہ علیم خان نے عوامی عہدہ رکھتے ہوئے ملک میں اور بیرون ملک اثاثہ جات بنائے، علیم خان اپنی زمین کی اصل قیمت اور ذرائع چھپا رہے ہیں جس کے متعلق ڈی سی لاہور کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ نیب کے مطابق آف شور کمپنیوں کے حوالے سے علیم خان نے کوئی جواب نہیں دیا۔92 نیوز نے نیب کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی تفتیشی رپورٹ حاصل کر لی۔رپورٹ کے مطابق نیب لاہور نے علیم خان کی جانب سے دبئی میں خریدی اور فروخت کی گئی مزید جائیدادوں کا سراغ لگا لیا۔ علیم خان نے 2006سے  2017کے دوران ایک درجن  سے زائد جائیدادوں کی خرید و فروخت کی لیکن اثاثوں میں ظاہر نہیں کی،علیم خان اور ان کے خاندان کے نام لاہور کے موضع کلاس میری میں ایک اور جائیداد کا علم بھی ہوا ہے رپورٹ کے مطابق علیم خان نے ایف بی آر کی ایمنسٹی اسکیم سے 14 کروڑروپے کا فائدہ اٹھایا،  علیم خان نے دبئی میں 28 ملین درہم کی جائیدادوں کا کاروبار کیا لیکن بیشتر کو اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔ علیم خان کی پیشی کےموقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے،جسمانی ریمانڈکے بعد نیب کی ٹیم علیم خان کو لے کر روانہ ہوگئی۔