Thursday, May 9, 2024

احتساب عدالت نے علیم خان کو 9روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا

احتساب عدالت نے علیم خان کو 9روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا
February 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) احتساب عدالت نے عبدالعلیم خان کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ دوسری جانب عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوئی کمپنی کوئی فلیٹ یا کوئی چیز ٹیکس ریکارڈ سے باہر نہیں،صرف چیئرمین نیب سے ناراضی پر گرفتار کیا گیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے  عدالت سے استدعا کی کہ علیم خان کی بیرون ملک آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات  کی بنیادی تفتیش کرنی ہے  لہذا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔ علیم خان کے  عکیل نے موقف اپنایا کہ  ان کے موکل کو جب بلایا گیا وہ پیش ہوئے ، جسمانی ریمانڈ کی  کی ضرورت نہیں ۔ علیم خان نے کہا کہ  میری کوئی جائیداد ٹیکس ریکارڈ سے باہر نہیں ،حلفا کہتا ہوں میرے وکیل کی جانب سے نیب کو بھجوائے گئے خط کا علم نہیں ، خط کی وجہ سے چیئرمین نیب سخت ناراض ہیں ۔ علیم خان نے کہا کہ کل نیب کے روبرو  پیش ہوا تو کہا گیا کہ آپ نے جو خط لکھا انتہائی ناقابل برداشت تھا اور اسی بنیاد پرگرفتار کر لیا گیا ، آخری پیشی پربلایا تو نئے سوالات دے دیے گئے ۔ قبل ازیں نیب کی ٹیم سخت سکیورٹی  میں علیم خان کو احتساب عدالت لائی ، تحریک انصاف کے کارکن بھی  بڑی تعداد میں عدالت پہنچے ۔ اینٹی رائٹ فورس کے دستے راستہ کلیئر کراتے رہے  اور بعد از سماعت  علیم خان کو نیب لاہور واپس لے جایا گیا۔ عبدالعلیم خان نے گزشتہ روز گرفتاری کےبعد اپنے عہدے سے  استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو بھجوایا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے تمام پارٹی رہنماؤں کو عبدالعلیم خان  کی گرفتاری سے متعلق بات کرنے سے سختی سے منع کر رکھا ہے ۔