Friday, May 3, 2024

پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان جیل سے رہا ہو گئے

پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان جیل سے رہا ہو گئے
May 17, 2019

 لاہور (92 نیوز) صوبہ پنجاب کے سابق سینیئر وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما عبدالعلیم خان جیل سے رہا ہو گئے۔ عبدالعلیم خان کوٹ لکھپت جیل سے باہر آ گئے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کا باہر آنے پر بھرپور استقبال کیا گیا۔ کارکنوں کی جانب سے عبدالعلیم خان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

 تحریک انصاف کے کارکنوں اور رہنماؤں کی جانب سے عبدالعلیم خان کے حق میں بھرپور  نعرے بازی بھی کی گئی۔

 پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے ضمانتی مچلکے بھی آخرکار جمع کرا دیئے گئے۔ ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ بھی احتساب عدالت میں جمع کروایا گیا ۔

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر پنجاب  علیم خان کی لاہور ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی۔ علیم خان کو آف شور کمپنی اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں  نیب  لاہور نے  گرفتار  کیا تھا۔ ترجمان نیب کے مطابق علیم خان کی گرفتاری آف شور کمپنیز اور آمدن سے زائد اثاثوں پر عمل میں لائی گئی  تھی ۔

 جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی ، نیب کی جانب سےعلیم خان کے مشکوک بینک ٹرایکشنزاور سرمایہ کاری کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں تھیں ۔

 نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا تھا علیم خان کے ذرائع آمدن اور اخراجات میں توازن نہیں، کئی ملین کے اثاثے ظاہر نہیں کئے گئے ۔  علیم خان کے وکلاء نے کہا تھا آمدن سے زائد اثاثے کا الزام غلط ہے،ان کے ذرائع آمدن ان کے اثاثوں سے زائد ہیں۔

 نیب پراسیکیوٹر نے کہا تھا علیم خان نے 2002 میں الیکشن لڑا اس وقت ان کے اثاثے پانچ اعشاریہ چارملین تھے، وزیربننے کے بعدان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔ علیم خان کے والدین کو باہر سے جو رقوم آئیں اب تک ان کا ثبوت نہیں دیا گیا، آج تک یہ نہیں بتایا گیا کہ بیرون ملک سے یہ رقوم کس نے بھیجیں۔

علیم خان کے وکیل کا مؤقف تھا کہ یہ تمام رقم ریکارڈ میں ظاہر کی گئی ہے، نیب اور ایف بی آر کا ریکارڈ ہم نے ہی جمع کرایا تھا۔

 نیب نے علیم خان کو 6 فروری کو گرفتار کیا تھا ، گرفتاری کے بعد عبدالعلیم خان نے پنجاب کی وزارت بلدیات کا قلمدان چھوڑ کر وزیر اعلیٰ کو استعفیٰ ارسال کیا تھا۔