Monday, May 13, 2024

عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے4سال بیت گئے

عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے4سال بیت گئے
July 8, 2020

کراچی ( 92 نیوز) بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی ،اک شخص سارے شہر کو ویران کرگیا، انسانیت کے مسیحا  عبدالستار ایدھی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، اپنی زندگی انسانیت کیلئے وقف کرنے والے عبدالستار ایدھی کو ہم سے بچھڑے  چار سال بیت گئے ہیں مگر دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔

یتیم بچوں کا بڑا سہارا، نومولود بچوں کی پرورش، زخمیوں کا علاج معالجہ ہو یا لاوارث لاشوں کی تدفین، انسانیت کی بلارنگ و نسل خدمت کرنے والے عبدالستار ایدھی کی کہانی میٹھادر میں واقع تین منزلہ عمارت کے کمرے سے عیاں ہے۔

سال 1928 کو بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہونے والے ایدھی کو بچپن سے فلاحی کاموں سے لگاو تھا، ہر مشن میں شانہ بشانہ رہنے والی ان کی بیوہ بلقیس ایدھی کہتی ہیں ایدھی پاکستان کو فلاحی ریاست دیکھنا چاہتے تھے، اچھی نیت کے ساتھ خدمت کا آغاز کیا تو اللہ کی مدد پہنچتی رہی۔

بلقیس ایدھی کا کہنا ہے کہ ایدھی صاحب کار خیر کا کارواں چلانے کیلئے اپنی ذمے داری پوری کرکے گئے ہیں۔

آٹھ جولائی 2016 کو ایدھی دنیا سے رخصت ہوئے تو ان کی خدمات کے اعتراف میں نہ صرف انہیں کئی اعزازات سے نوازا گیا بلکہ انیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی جبکہ  اسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ بھی جاری کیا۔