Thursday, March 28, 2024

عبدالستار ایدھی کا آج 91واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے

عبدالستار ایدھی کا آج 91واں یوم پیدائش منایا جا رہا ہے
February 28, 2019
کراچی ( 92 نیوز) دکھی انسانیت کی خدمت کےلئے زندگی وقف کرنے والے عبدالستار ایدھی کا آج 91واں یوم پیدائش منایاجارہاہے، پوری قوم عظیم ہیرو کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔ اٹھائیس فروری 1928 کو پیدا ہونے والے عبدالستار ایدھی کو ان کی سماجی خدمات کی بنا پردنیا بھر میں جانا جاتا ہے ۔ عبدالستار ایدھی  نے  1951 میں کراچی سےایدھی  ویلفیئر سروس کا آغاز ایک  ایمبولینس سے کیاتھا ، جسےوہ  خود ہی چلاتے تھے، پھر آہستہ آہستہ کارواں بڑھتا گیا اور انسانی خدمت کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیل گیا۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی دکھی انسانیت کی خدمت میں گزار دی ،ان  کی خدمات کے صلے میں انہیں  سلور جوبلی ایوارڈ،نشان امتیاز،پاکستان سوک ایوارڈ،جناح ایوارڈ سمیت لا تعداد قومی اور بین الاقومی اعزازات سے نوازا گیا۔ عبدالستار ایدھی نے دنیا کی سب سے بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروس کی بنیاد رکھی، یتیموں کی پرورش اور لاوارثوں کی کفالت کی انہوں  نے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت کی جس کا آغاز 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کر کے کیا۔ اسپتال اور ایمبولینس خدمات کے علاوہ ایدھی فاؤنڈیشن نے کلینک، زچگی گھر، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور اسکول کھولے۔ 1980 کی دہائی میں پاکستانی حکومت نے انہیں نشان امتیاز دیا جب کہ پاک فوج نے انہیں شیلڈ آف آنر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ عبدالستارایدھی 8جولائی 2016 کو 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاگیاتھا وہ اپنی بے لوث خدمات کی بدولت لاکھوں دلوں میں زندہ ہیں۔