Friday, March 29, 2024

عبدالرزاق اور ظفر مرزا ادویہ ساز کمپنیوں کے دفاع میں کھل کر سامنے آگئے

عبدالرزاق اور ظفر مرزا ادویہ ساز کمپنیوں کے دفاع میں کھل کر سامنے آگئے
July 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم کے مشیر رزاق داؤد اور معاون خصوصی ظفر مرزا ادویہ ساز کمپنیوں کے دفاع میں کھل کر سامنے آگئے، دونوں نے ادویہ ساز کمپنیوں کا از خود قیمتیں بڑھانے کا اختیار ختم کرنے کی مخالفت کردی جبکہ سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ نے حمایت کردی۔ کمپنیوں کے ادویات کی قیمتوں میں از خود اضافے کا اختیار ڈرگز ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کی جانب سے ادویہ ساز کمپنیوں کے قیمتوں میں ازخود اضافے کا اختیار کے خاتمہ کی مخالفت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا اور وفاقی سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ آمنے سامنے آگئے۔ وزارت صحت نے ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء کا پیرا 7 ختم کرنے کیلئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی اور کمپنیوں کے ادویات کی قیمتوں میں از خود اضافے کا اختیار ڈرگز ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دے دیا، تاہم ڈاکٹر ظفر مرزا نے وفاقی سیکرٹری کابینہ سردار احمد نواز سکھیرا سے رجوع کرکے 24 جون کے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے سے سمری ڈراپ کرادی۔ ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018ء کے پیرا 7 کے تحت ادویہ ساز کمپنیاں پیشگی اجازت کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی اور لاہور کے بااثرفارماسوٹیکل مالکان نے رزاق داؤد اور ڈاکٹر ظفر مرزا کو قائل کیا کہ قیمتوں میں اضافے کا اختیار ہرصورت کمپنیوں کے پاس رہنا چاہیے۔ ادویہ ساز کمپنیوں سے اختیار واپس لیا جائیگا یا نہیں؟ فیصلہ آج وفاقی کابینہ کرے گی۔